فائر فوکس کے نئے ورژن کا افتتاح

مشہور فائر فوکس ویب کے تیسرے ورژن کے براؤزر کا افتتاح سترہ جون کو ہو رہا ہے۔ اس انٹرنیٹ براؤزر کی تشہیر سے فائر فوکس کو ایجاد کرنے والی کمپنی موزیلا چوبیس گھنٹے میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کرنے کا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موزیلا کے پال کِم نے کہا ’یہ تاریخ رقم کرنے کی ایک عالمی کوشش ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ایک دن میں سب سے زیادہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ذہن میں کوئی تعداد نہیں ہے لیکن اگر پانچ ملین سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ ہو جائیں تو یہ ایک شاندار بات ہو گی۔ فائر فوکس کے پرانے سافٹ ویئر کے سولہ لاکھ استعمال کنندہ تھے جبکہ تیرہ لاکھ نئی طرز کا فائر فوکس ڈاؤن لوڈ کریں گے۔ فائر فوکس سنہ دو ہزار چار میں مارکیٹ میں آیا تھا اور اس نے مائیکروسافٹ کو سخت چیلنج دیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ فائر فوکس کو پندرہ سے سترہ انٹرنیٹ استعمال کنندہ استعمال کرتے ہیں۔ فائر فوکس انٹرنیٹ براؤزر کی دنیا میں آہستہ آہستہ اپنی جگہ بنا رہا ہے۔