’دوسرے درجے کی ٹیم بھیجیں گے‘
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے بہترین کھلاڑیوں کو اگلے سال انگلینڈ کا دورہ کرنے کی بجائے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی گارنٹی نہیں دے سکتے کہ وہ اپنے بہترین کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے دورے پر بھیج پائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں انگلینڈ اور ویلز کے کرکٹ بورڈز سے بات چیت ہو رہی ہے۔
سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ دلیپ مینڈس کا کہنا تھا کہ کئی کھلاڑی پہلے ہی انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی یہ یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ سن دو ہزار گیارہ میں انگلینڈ کے دورے کو انڈین پریمیئر لیگ پر ترجیح دیں گے۔
اس ہفتے کے آغاز میں سری لنکا نے آئندہ سال دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچ کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو اس دورے کی دعوت زمبابوے کے ساتھ اپنے کرکٹ کے مراسم توڑنے کے بعد دی تھی۔
سری لنکا ٹیم کے کھلاڑیوں کی اکثریت بھارت کی انڈین پریمیئر لیگ کے ساتھ تین سال کے معاہدے پر دستخط کر چکی ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ کے مقابلے اگلے سال دس اپریل سے شروع ہو کر چھ ہفتوں تک جاری رہیں گے جبکہ انگلینڈ نے سری لنکا کو آٹھ مئی سے دورہ شروع کرنے کی دعوت دی ہے۔
سری لنکا کے کرکٹ حکام کو امید ہے کہ وہ اس دورے کی تاریخوں میں تبدیلی کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن انگلینڈ میں اگلے سال جون میں ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا اس لیے اس دورے کی تاریخیوں میں تبدیلی کی بہت کم گنجائش موجود ہے۔
اگر انگلینڈ نے تاریخوں میں تبدیلی پر رضامندی ظاہر نہ کی تو سری لنکا اپنے صف اول کے کھلاڑیوں کی بجائے دوسرے درجے کے کھلاڑیوں کو دورے پر بھیجے گا۔
کپتان مہیلا جیوردھنے، کمارا سنگاکارا، چمندا واس، متھیا مرلی دھرن، دلہارا فرنانڈو، سنتھ جے سوریا اور اوپل چندنا ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کے معاہدوں پر دستخط کیئے ہوئے ہیں۔