ٹیم کا اعلان 15 جولائی تک مؤخ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے لیے تیس کھلاڑیوں کا اعلان پندرہ جولائی تک مؤخر کرتے ہوئے شعیب اختر سے کہا ہے کہ وہ چودہ جولائی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو ستر لاکھ روپے کا جرمانہ ادا کر دیں۔ ستمبر میں ہونے والے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے ابتدائی تیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ گیارہ جولائی تھی۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مزید چار دن کی مہلت مانگی ہے اور پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن ذاکر خان کے بقول یہ مہلت انہیں دے دی گئی ہے۔ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے کرکٹ بورڈ کو تیس کھلاڑیوں کی فہرست دس جولائی کو ہی دے دی تھی اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ صلاح الدین صلو کے مطابق انہوں نے عدالتی حکم کے پیش نظرشعیب اختر کو شامل کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شعیب اختر پر کھیلنے کی پابندی تو عارضی طور پر اٹھا لی تھی لیکن ایپلیٹ ٹریبونل کی جانب سے عائد کیے گئے جرمانے کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پندرہ جولائی تک کی مہلت صرف شعیب اختر کے لیے ہی نہیں مانگی گئی بلکہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں کچھ اور باتیں بھی زیر غور ہیں اور اسی لیے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس چودہ جولائی کو پھر طلب کیا گیا ہے۔ عام طور پر سلیکشن کمیٹی کرکٹ بورڈ کو کھلاڑیوں کی فہرست دے دیتی ہے اور کرکٹ بورڈ اس کا اعلان کرتا ہے لیکن اس مرتبہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ صلاح الدین صلو نے میڈیا کو پہلے ہی بتا دیا کہ ان کی فہرست میں شعیب اختر، محمد آصف اور عمر گل شامل ہیں۔ اگرچہ جرمانہ ادا کرنے کی صورت میں شعیب اختر تیس کھلاڑیوں میں جگہ حاصل تو کر لیں گے مگر پندرہ کھلاڑیوں کی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انہیں فٹ نس ٹیسٹ پاس کرنے کے علاوہ اپنی میچ فٹنس بھی ثابت کرنا ہو گی کیونکہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اس کا عندیہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔