’حیفہ گلے سے نہیں بدن سے گاتی ہیں‘

ہیجان انگیز‘ لبنانی گلوکارہ حیفہ وہبی کے موسیقی کے ایک مجوزہ پروگرام سے بحرین میں ہل چل مچ گئی ہے۔ ملک کی پارلیمان نے کثرتِ رائے سے ایک قرارداد منظور کر کے اس پروگرام پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ حیفہ کے پروگرام پر پابندی کی اس قرارداد کی مخالفت میں خلاف صرف ایک قانون ساز رکن نے ووٹ دیا۔ پارلیمان کا خیال ہے کہ پاپ سپر سٹار حیفہ وہبی سٹیج پر اپنے ڈانس اور گانے سے لوگوں کے جذبات بھڑکائیں گی اور ان کے شو سے اسلامی روایات اور بحرین کی اقدار کی خلاف ورزی ہوگی۔ یاد رہے کہ اس شو کے منتظمین نے وعدہ کیا تھا کہ حیفہ ’اشتعال انگیز‘ لباس نہیں پہنیں گی لیکن اراکین پارلیمان کے لیے یہ یقین دہانی کافی ثابت نہیں ہوئی۔ ماضی میں بھی حیفہ پر غیر شائستہ رقص کا الزام لگایا جاتا رہا ہے اور بعض اخبارات نے ان کے رقص پر تبصرہ کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وہ اپنے نیم عریاں جسم کے ہر عضو کو متحرک کرنے پر قادر ہیں۔ حتٰی کہ وہ اعضا بھی جو عضلات سے محروم سمجھے جاتے ہیں۔ ایک رکنِ پارلیمان کا کہنا ہے کہ حیفہ اپنے گلے سے نہیں بلکہ اپنے بدن سے سُر نکالتی ہیں۔ بحرین میں چار سال قبل بھی اراکین پارلیمنٹ نے برطانوی سیریز ’بگ برادر‘ کی طرز پر عربی میں بنائے جانے والے ایک پروگرام پر پابندی لگا دی تھی کیونکہ ان کے خیال میں یہ پروگرام ’عرب اقدار اور روایات کے خلاف تھا‘