یوسف لنکاشائر سے کھیلیں گے
آسٹریلیا کے کھلاڑی براڈ ہاج کے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کی وجہ سے برطانوی کاؤنٹی لنکاشائر نے پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف سے معاہدہ کیا ہے۔
محمد یوسف اتوار کو اولڈ ٹریفورڈ کے گراؤنڈ پر فرینڈز پراویڈنٹ ٹرافی میں لنکاشائر کی طرف سے اپنا پہلا میچ دُرہم ڈائنموز کے خلاف کھیلیں گے۔
33 سالہ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ’میں ہمیشہ سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا، اور لنکاشائر جیسے بڑے کلب کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملنا ایک شاندار بات ہے۔‘
’میں اس سیزن میں لنکاشائر کے لیے قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہوں۔‘
ہوج نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کے ساتھ پانچ ہفتے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس طرح یوسف لنکاشائر کے لیے ایک کم عرصے کے معاہدے پر کھیلیں گے۔
محمد یوسف کے پاس ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 79 ٹیسٹ اور 261 ایک روزہ میچوں میں 16000 کے قریب رنز بنائے ہیں۔
لنکاشائر کے کرکٹ منیجر مائیک واٹکنسن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ’ان (یوسف) کا کرکٹ میں ریکارڈ زبردست ہے۔ وہ اس طرح کے کھلاڑی ہیں جو اگلے پانچ ہفتوں میں اپنے کام سے انصاف کر سکتے ہیں۔‘