دس برس تک درجہ حرارت میں ٹھہراؤ

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ آئندہ دس برس تک زمین کا درجہ حرارت تبدیل نہیں ہوگا کیونکہ قدرتی موسمی چکر ٹھنڈک کے دورانیے میں داخل ہو رہا ہے۔ یہ بات سائنسی رسالے نیچر میں جرمنی کے سائنسدانوں کی تحقیق میں کہی گئی ہے۔ جرمن سائنسدانوں کے تیار کردہ نئے کمپیوٹر ماڈل سے یہ بات ظاہر ہوئی ہے کہ یہ ٹھنڈک کا دورانیہ گرین ہاؤس وارمنگ کا مقابلہ کر لے گی۔ تاہم ان کے مطابق درجہ حرارت سنہ دو ہزار بیس کے بعد دوبارہ تیزی سے بڑھنا شروع ہو جائے گا۔ دیگر سائنسدانوں نے اس تحقیق کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ تحقیق معاشروں کو مستقبل کی تیاری میں مدد دے گی۔ اس نئی تحقیق کا اہم ترین جزو سمندری حرارت کی قدرتی چکر ہے جسے اٹلانٹک ملٹی ڈیکیڈل آسیلیشن (اے ایم او) کہا جاتا ہے۔ اے ایم او کا چکر ساٹھ سے ستر برس بعد آتا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پچھلی صدی کے شروع میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا تھا اور انیس سو چالیس کی دہائی میں کمی ہونا شروع ہو گئی تھی۔ جرمن سائنسدان نوئل کا کہنا ہے ’ہماری تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ مستقبل قریب میں درجہ حرارت میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی جس کی انٹرگورنمنٹل پینل کی رپورٹوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے آپ توقع نہیں کر رہے ہوں گے‘۔