امیتابھ اور تنازعہ، پاکستان میں جنت

کیا بات ہے کہ تنازعات کبھی بھی امیتابھ بچن کا پیچھا ہی نہیں چھوڑتے۔کبھی ان کی بہو ایشوریہ رائے کی پیڑ سے شادی تو کبھی ان کے کاشتکار ہونے کا معاملہ۔ حد تو تب ہوئی جب کچھ دنوں قبل شتروگھن سنہا نے آئیفا ایوارڈ میں فلموں کی نامزدگی پر امیتابھ بچن پر تنقید کی۔ اس کے بعد اچانک ہدایت کار انوراگ باسو نے امیت جی کو فلموں سے ریٹائر ہونے کا مشورہ دے ڈالا۔ اب ان سب کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے امیت جی نے ایک نیا راستہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ اپنا بلاگ۔ اب امیت جی اپنے بلاگ میں ان کے بارے میں الٹا سیدھا کہنے والوں کو کرارا جواب دے رہے ہیں۔ویسے امیت جی کا یہ آئیڈیا بہت اچھا ہے۔ سلمان کے دس قدم سلمان بھی ٹی وی کی دنیا میں ہنگامہ کرنے کی پوری تیاری کر رہے ہیں۔اپنے ٹی وی شو کی ریہرسل کے لیے انہیں سیٹ بنا کر دیا گیا۔ لیکن وہ سیٹ گوریگاؤں فلم سٹی میں تھا۔ جو سلو بھیا کے گھر سے بہت دور ہے۔اب سویرے اٹھ کر اتنی دور پہنچنا بہت مشکل تھا۔ سلمان نے اس سیٹ کو اپنے گھر کے پاس واقع محبوب سٹوڈیو میں بنانے کے لیے کہا۔ سلمان کچھ کہیں اور لوگ نہ مانیں یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ بس سیٹ بن گیا اور سلمان روزانہ دس قدم چل کر ’ دس کا قدم‘ کھیلنے جاتے ہیں۔