نواز طیارہ ساز ش کیس سے بری
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے طیارہ ساز ش کیس سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو بری کردیا ہے۔آج نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور طیارہ سازش کیس سے میاں محمد نواز شریف کو بری کردیا ہے ۔ سپریم کورٹ میں طیارہ سازش کیس کی سماعت جسٹس تصدیق حسین کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے کی جبکہ نواز شریف کو طیارہ سازش کیس سے بری کرنے کا متفقہ فیصلہ جسٹس ناصر الملک نے سنایا۔
واضح رہے کہ بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے کو سویلین اور فوجی قیادت میں محاذآرائی کے باعث ملک میں اقتدار پر اس وقت کے فوجی سربراہ جنرل پرویز مشرف نے قبضہ کرلیا تھا اور ان کے حکم پر قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواز شریف کو دو بار عمر قید، پچاس لاکھ جرمانے اور املاک ضبط کرنے کی سزا سنائی لیکن شریک ملزمان شہباز شریف، سید غوث علی شاہ، شاہد خاقان عباسی، سیف الرحمن اور رانا مقبول کو حیران کن طور پر بری کر دیا گیا۔ اس فیصلے کے خلاف نواز شریف اور حکومت کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں تھیں لیکن ہائی کورٹ نے یہ سزا برقرار رکھی تھی جس کیخلاف نواز شریف نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی